شھید سید محمد باقر الصدر(رہ) کا شمار گذشتہ صدی کے عظیم ترین فقہا اور مفکرین میں سے ہوتا ہے۔ آپ ۵ / ذی قعدہ ۱۳۵۳ ھ بمطابق ۱ مارچ ۱۹۳۵ کو عراق کے مشہور شھر کاظمین میں پیدا ہوئے، آپ کے پدر بزرگوار سید حیدر مراجع تقلید میں سے تھے جن کا سلسلہ نسب حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام سے جا ملتا ہے۔ اس خاندان کی خصوصیات میں سے ایک یہ ہے کہ ان میں سے اکثر کا شمار اپنے زمانے کے جید علماء و فقھاء میں شمار ہوتا تھا۔
آیت اللہ العظمیٰ سید باقرالصدر اپنے دور کے عظیم فلسفی اور مفکر تھے۔ آپؒ کی تحریروں اور قیادت نے عراقی عوام سمیت دنیا بھر کے دبے ہوئے محروم طبقوں کو متاثر کیا اور ظالم حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا حوصلہ دیا۔ آپؒ نے اپنے دور میں نہ صرف استعماری و استکباری عناصر کو چیلنج کیا بلکہ ان نام نہاد مذہبی عناصر کو بھی چیلنج کیا جو انقلابی و اسلامی فکر کی راہ میں رکاوٹ تھے۔